راجر فیڈرر نے پانچویں مرتبہ انڈین ویلز ٹینس ٹورنامنٹ جیت لیا - ویمنزسنگلز ایونٹ کے فائنل میں روس کی الینا ویزنینا نے ٹائٹل اپنے نام کیا۔مینز ڈبل ٹائٹل راجیو رام اور راوین کلاسین کے نام ویمنز ڈبل ایونٹ کی ٹرافی پر مارٹینا ہنگز اور ینگ جان چان نے قبضہ جما لیا

21 مارچ 2017

انڈین ویلز/ سوئٹزرلینڈ کے بین الاقوامی شہرت یافتہ ٹینس سٹار اور آسٹریلین اوپن چیمپئن راجر فیڈرر نے پانچویں مرتبہ انڈین ویلز ٹینس ٹورنامنٹ جیت لیا۔ انہوں نے فائنل میں ہم وطن سٹانسلاس وارینکا کو شکست دیکر ٹائٹل اپنے نام کیا۔ امریکی شہر انڈین ویلز میں جاری مینز سنگلز مقابلوں کے فائنل میں سوئٹزرلینڈ کے راجر فیڈرر اور ان کے ہم وطن سٹانسلاس وارینکا آمنے سامنے تھے جس میں سابق عالمی نمبر ایک اور آسٹریلین اوپن چیمپئن راجر فیڈرر نے انتہائی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سٹانسلاس وارینکا کو سٹریٹ سیٹس میں ہرا کو ایونٹ اپنے نام کر لیا۔ اس سے قبل پہلے سیمی فائنل میں عالمی نمبر نو سوئٹزرلینڈ کے راجر فیڈرر نے امریکا کے جیک سوک کو سٹریٹ سیٹس میں شکست دے کر فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا تھا جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں عالمی نمبر تین سوئٹزرلینڈ کے سٹانسلاس وارینکا نے سپین کے کارینو بسٹا کو ہرا کر فائنل میں جگہ بنائی تھی۔ راجر فیڈرر نے ایونٹ جیتنے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی اس کامیابی پر بہت خوش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ مکمل طور پر فٹ ہیں اور مستقبل میں بھی اپنی فتوحات کے سلسلے کو برقرار رکھیں گے۔ویمنز ایونٹ کے فائنل میں روس کی الینا ویزنینا اور سویتلانا کوزنٹسووا کے درمیان سخت مقابلہ ہوا ، الینا ویزنینا نے کامیابی سمیٹ کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔ مینز ڈبل ٹائٹل راجیو رام اور راوین کلاسین کے نام رہا جبکہ ویمنز ڈبل ایونٹ کی ٹرافی پر مارٹینا ہنگز اور ینگ جان چان نے قبضہ جما لیا۔ ٹورنامنٹ کے مینز ڈبلز مقابلوں کے فیصلہ کن معرکے میں نمبر چھ سیڈ جوڑی امریکا کے راجیو رام اور جنوبی افریقہ کے راوین کلاسین نے کامیابی کے بعد ٹرافی پر قبضہ کر لیا۔ فاتح جوڑی نے نمبر آٹھ سیڈ حریفوں پولینڈ کے لوکاس کوبوٹ اور برازیل کے مارسیلو میلو کو سخت مقابلے کے بعد اس وقت شکست سے دوچار کیا جب انہیں پہلے ہی سیٹ میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا لیکن انہوں نے اگلے دو سیٹس میں کامیابی کے سہارے ٹائٹل پر قبضہ یقینی بنا لیا۔ویمنز ڈبل مقابلوں کے فائنل میں سوئٹزر لینڈ کی مارٹینا ہنگز اور ان کی تائپے کی پارٹنر ینگ جان چان نے جمہوریہ چیک کی لوسی ہرادیکا اور ان کی ہم وطن ساتھی کیٹرینا سینیاکووا کو اسٹریٹ سیٹس میں ناکامی کے گڑھے میں گرا کر ٹائٹل جیتا۔

تبصرے