پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پہلا ٹیسٹ آج سے شروع ہو گا- گرین شرٹس کو پانچویں پوزیشن بچانے کا چیلنج درپیش

21 اپريل 2017

لاہور/ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ آج سے شروع ہو رہا ہے یہ میچ سبائنا پارک میں کھیلا جائے گا۔پاکستانی ٹیم کی قیادت مصباح الحق کریں گے جبکہ ویسٹ انڈیز کی قیادت جیسن ہولڈر کریں گے۔ واضح رہے کہ مصباح الحق اور یونس خان کے کیریئر کی یہ آخری سیریز ہوگی جس میں دونوں سینئر کھلاڑی شاندار کارکردگی دکھانے کیلئے پر عزم ہیں۔ٹی ٹونٹی اور اور ون ڈے کے بعد اب پاکستان اور ویسٹ انڈیز میں ٹیسٹ کرکٹ کا میدان سجے گا۔ تین میچوں کی سیریز کا پہلا مقابلہ آج سے شروع ہو گا۔ دونوں ممالک اب تک 16 ٹیسٹ سیریز کھیل چکے ہیں۔ پانچ میں گرین شرٹس فاتح رہے اور پانچ ہی سیریز کیربیئن کے نام رہیں جبکہ چھ برابری پر ختم ہوئیں۔ یونس خان دس ہزار رنز کا سنگ میل عبور کرنے کو بے تاب ہیں۔ ٹی ٹونٹی اور ون ڈے کے بعد لیگ سپنر شاداب خان ٹیسٹ میں بھی ڈیبیو کے منتظر، تنقید کا شکار محمد عامر کو بھی وکٹیں اڑانے کا چیلنج درپیش۔ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کیرئیر کی آخری سیریز کو یادگار بنانے کیلئے پرعزم ہیں۔ کیربیئن کے دیس پاکستان ٹیم کبھی ٹیسٹ سیریز نہیں جیتی۔ دیکھنا ہوگا کہ کپتان مصباح الحق تاریخ بدلنے میں کامیاب ہوتے یا نہیں۔ پاکستان کو ویسٹ انڈیز کیخلاف ٹیسٹ سیریز میں پانچویں پوزیشن بچانے کا چیلنج درپیش ہوگا۔ الوداعی سیریز کھیلنے والے کپتان مصباح الحق اور تجربہ کار بیٹسمین یونس خان ٹیم کو اس مقصد میں مددگار ثابت ہوسکتے ہیں، ٹیم سردست 97 پوائنٹس جوڑ کر پانچویں نمبر پر ہے اور ویسٹ انڈین سائیڈ 69 پوائنٹس لیکرآٹھویں نمبر پر ہے۔تاہم کیریبیئن سائیڈ کے ہاتھوں 3-0 سے ناکامی پر پاکستان 2 درجے تنزلی کے بعد ساتویں پوزیشن پر جاسکتا ہے، بھارت 122 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے جب کہ جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا نے بالترتیب دوسری اور تیسری پوزیشن لے رکھی ہے۔

تبصرے