کیریبین سلیکٹرز گرین شرٹس کیخلاف فتح کا جشن منانے کے خواہاں

20 اپريل 2017 (07:07)

سینٹ جانزسبائنا پارک میں پچاسویں ٹیسٹ کے موقع پر کیریبین سلیکٹرز پاکستان کیخلاف فتح کے خواہاں ہیں ،چیئرمین آف سلیکٹرز کارٹنی براؤن کا کہنا ہے کہ انہوں نے شارجہ ٹیسٹ جیتنے کے تناظر میں اسکواڈ کو اسی انداز سے تشکیل دیا،نوجوانوں پر مشتمل ٹیم کی قیادت جیسن ہولڈر عمدگی سے کر رہے ہیں،چند اہم کھلاڑی غیر حاضرمگر اپنے پائیں باغ میں کامیابی کی امید ہے ،فرسٹ کلاس سیزن میں بہت عمدہ کارکردگی نہ ہونے کے باوجود کیرن پاول کی واپسی خوش آئند ثابت ہو گی،شمرون ہٹ میئر اور وشال سنگھ سمیت دیگر منتخب کھلاڑیوں سے اچھی توقعات ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز آج سے کنگسٹن کے سبائنا پارک پر شروع ہو رہی ہے اور چونکہ یہ اس میدان پر کھیلا جانے والا پچاسواں ٹیسٹ میچ بھی ہوگا لہٰذا ویسٹ انڈین سلیکشن کمیٹی نے اس یادگار موقع پر فتح کا جشن منانے کی منصوبہ بندی شروع کر دی ہے۔چیئرمین آف سلیکٹرز کارٹنی براؤن نے پاکستان کیخلاف پہلے ٹیسٹ کیلئے تیرہ رکنی اسکواڈ کا اعلان کرنے بعد کہا کہ پاکستان کیخلاف ان کی ٹیم گزشتہ سیریز کے شارجہ ٹیسٹ میں کامیابی سے ہمکنار ہوئی تھی اور انہوں نے اسی تناظر میں اسکواڈ کو کم و بیش اسی انداز سے تشکیل دیا ہے کیونکہ سلیکشن پینل کا خیال تھا کہ ٹیم کا کامبی نیشن وہی ہونا چاہئے جس نے گزشتہ معرکے میں فتح دلائی تھی۔ان کا کہنا تھا کہ ویسٹ انڈین سائیڈ نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے جس کی قیادت جیسن ہولڈر عمدگی سے کر رہے ہیں اور حالانکہ ان کے کچھ اہم کھلاڑی غیر حاضر ہوں گے تاہم یقین ہے کہ ان کے منتخب کردہ پلیئرز اپنے پائیں باغ میں ہونے کے باعث کامیابی کی راہ ہموار کریں گے۔واضح رہے کہ پاکستان کیخلاف پہلے ٹیسٹ کیلئے کارلوس براتھویٹ،ڈیرن براوو،لیون جانسن،مارلن سیمیولز اور جومیل واریکن کو قابل غور نہیں سمجھا گیا تاہم کارٹنی براؤن موجودہ ٹیم میں کیرن پاول کی واپسی پر کافی خوش ہیں جن کا کہنا تھا کہ اگرچہ ان کی ریجنل فرسٹ کلاس سیزن کے دوران کارکردگی بہت اچھی نہیں رہی لیکن انہوں نے ویسٹ انڈین بورڈ صدارتی الیون کی جانب سے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے اس بات کی نشاندہی کر دی ہے کہ وہ ٹیم کو اپنے تجربے سے مضبوطی عطا کریں گے

تبصرے