سبھرامنیم سوامی کا بیان قابل مذمت- عوام فرقہ پرستوں کیخلاف متحد ہوجائیں:ڈاکٹر کمال

19 اپريل 2017 (06:35)

سرینگرپی ڈی پی کی ساجھیدار بھاجپا کے ممبر پارلیمنٹ سبھرامنیم سوامی کی طرف سے کشمیریوں کو تمل ناڈو کے پناہ گزین کیمپوں میں منتقل کرنے کے بیان کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے نیشنل کانفرنس نے کہا ہے کہ ایسی زہرافشائی سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ کشمیریوں کیخلاف کس قسم کی سازشیں رچی جارہی ہیں اور کشمیریوں کی آواز کو دبانے کیلئے کون کون سے منصوبے زیر غور لائے جاتے ہیں۔ پارٹی کے معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفےٰ کمال نے کہا کہ سبھرامنیم سوامی کی زہرافشائی کا جواب پی ڈی پی سے طلب کرنا چاہئے کہ آیا وہ اپنے ساتھیوں کے ان منصوبوں کی تائید کرتے ہیں یا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھاجپا کی طرف سے کشمیریوں کیخلاف مکروہ عزائم عوام کے سامنے آنا کوئی نئی بات نہیں، یہ فرقہ پرست جماعت روزِ اول سے ہی جموں وکشمیر کی خصوصی پوزیشن، دفعہ370، سٹیٹ سبجیکٹ قانون اور مسلم کردار کیخلاف مکروہ سازشیں رچاتی آئی ہیں اور کشمیری قوم نے بی جے پی کے عزائم کو ناکام بنانے کیلئے ہی پی ڈی پی کو ووٹ دیئے تھے کیونکہ قلم دوات جماعت کے خودساختہ لیڈران نے بھاجپا کو اقتدار اور کشمیر سے باہر رکھنے کیلئے عوام سے منڈیٹ طلب کیا تھا۔ لیکن الیکشن نتائج آنے کے بعد پی ڈی پی نے عوامی منڈیٹ کو لات مار دی اور بھاجپا کے ساتھ ہی حکومت بنائی ،فرقہ پرستوں کو اپنی تقدیر کا مالک بنادیا اور کشمیری قوم کو فرقہ پرستوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا۔ ڈاکٹر کمال نے کہا کہ بھاجپا کیساتھ اتحاد کرنا پی ڈی پی کی مجبوری تھی کیونکہ اسی فرقہ پرست جماعت نے ہی مرحوم مفتی محمد سعید کو یہ پارٹی بنانے کیلئے زرکثیر فراہم کیا ۔

تبصرے