بنگلہ دیش میں جاپانی شہری کے قتل کیس میں پانچ ملزمان کو سزائے موت

01 مارچ 2017

ڈھاکہ/رائٹر/ بنگلہ دیش کی ایک عدالت نے ایک جاپانی شہری کے قتل کے معاملے میں پانچ مسلم جنگجوؤں کو قصوروار پائے جانے پر انہیں کل سزائے موت سنائی۔ یہ اطلاع عدالتی حکام نے دی ہے ۔ خیال رہے کہ ضلع رنگپور میں جاپانی شہری کونیو ہوشی (65) کو موٹر سائیکل پر سوار نقاب پوش حملہ آوروں نے اکتوبر 2015 میں گولی مارکر قتل کردیا تھا۔ قتل کی یہ واردات ایک اطالوی امدادی کارکن کے قتل کے ایک ہفتے کے اندر انجام دی گئی تھی۔ پبلک پراسکیوٹر رتیش چندرا بھاؤمک نے بتایا کہ سزائے موت یافتہ پانچ ملزمان نے حکومت اور ملک کو غیر مستحکم کرنے کی نیت سے جاپانی شہری کونیو ہوشی کے قتل کی سازش کی تھی۔ پولس نے بتایا کہ پانچوں قصوروار ممنوعہ جنگجو تنظیم جماعۃ المجاہدین بنگلہ دیش کے رکن تھے ۔ عدالت نے اس معاملے میں ایک ملزم کو ثبوت نہ ملنے پر بری کردیا۔ بنگلہ دیش میں غیر ملکی شہریوں کے حملے کے واقعات شاید باید ہوتے تھے ، لیکن حالیہ برسوں میں مسلم انتہاپسندوں کے جنون کی وجہ سے ایسے واقعات میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے ، جن میں کم سے کم چھ مذہبی ناقدین کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا ہے ۔
 ان میں ایک بنگالی نژاد امریکی بلاگر بھی شامل ہے ۔ تاہم، اس مقدمہ میں وکیل صفائي ابوالحسین نے کہا کہ وہ کورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کریں گے ۔

تبصرے