ہمارا دشمن مشترکہ ہے، اتحاد کا مظاہرہ کروفرقہ پرستی پر قابو پایا نہیں گیا تو شعلے بھڑکیں گے: فاروق عبداللہ

20 مارچ 2017 (06:15)

سرینگر نیشنل کانفرنس کے صدر اور پارٹی کی طرف سے سرینگر حلقے کے پارلیمانی امیدوار ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے اپنے کاغذات نامزدگی داخل کرنے کے بعد پارٹی ہیڈکوارٹر نوائے صبح کمپلیکس میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت میں اس وقت جو فرقہ پرستی کی آگ لگی ہوئی ہے، اگر اس پر فوری طور پر قابو نہیں پایا گیاتو ایسے شعلے بھڑکیں گے جو نہ صرف بھارت بلکہ ریاست جموں وکشمیر اور سرحد پار تک جائیں گے، وقت کا تقاضہ ہے کہ سیکولر طاقتیں متحدہ ہوکر ریاست جموں وکشمیر کو فرقہ پرستی کی آگ کی نذر ہونے سے بچائیں۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ ہمارا دشمن مشترکہ ہے، اسلئے ہمیں تمام رنجشیںاور دوریاں بالائے طاق رکھ اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کرنا چاہئے کیونکہ صرف اور صرف اسی صورتحال میں ہم کامیاب و کامران ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی کے آر ایس ایس کی شاخ ہونے کے بارے میں ابھی بھی لوگوں میں چند شک و شبہات تھے، لیکن بھاجپا کی طرف سے آنے والے ضمنی انتخابات کیلئے پی ڈی پی اُمیداروں کیلئے انتخابی مہم چلانے سے تمام شک و شبہات دور ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پہلے بھی کہا تھا کہ پی ڈی پی ہندو فرقہ پرست جماعت آر ایس ایس کی پیدوار ہے اور آج ہماری کہی ہوئی ساری باتیں صحیح ثابت ہوئیں ہیں۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ پی ڈی پی نے اتنی تن دہی اور لگن کے ساتھ آر ایس ایس کے فرمانوں پر عمل کیا کہ اب بھاجپا قلم دوات والوں کیلئے انتخابی مہم چلا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ لوگوں کو اس بار ووٹ ڈالنے سے پہلے سنجیدگی سے غور کرنا ہوگا کہ وہ کشمیر کو آر ایس ایس کی جولی میں ڈالنا چاہتے ہیں یا پھر فرقہ پرستی سے نجات پانے کیلئے اپنی حق رائے دہی کا استعمال کرنا ہے۔ ہندوستان اور پاکستان کی دوستی پر زور دیتے ہوئے صدرِ نیشنل کانفرنس نے دونوں ممالک سے اپیل کی کہ وہ آپس میں شیر و شکر ہوجائیں اور کشمیریوں کو غیریقینیت اور بے چینی کے بھنور سے ہمیشہ ہمیشہ کیلئے نجات دلائیں۔

تبصرے