نیشنل کانفرنس نے عوامی مفادات کو زک پہنچایا نوجوانوں کے جذبات کی ترجمانی کرنا چاہتا ہوں: نذیر خان

20 مارچ 2017 (06:15)

سرینگر سرینگر پارلیمانی حلقے سے حکمران جماعت پی ڈی پی کے د امیدوار نذیر احمد خان نے کہا کہ وہ نوجوانوں کی خواہشات کا احترام کرتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ سیاسی محاذ پر نوجوانوں کے جذبات کی ترجمانی کرسکیں۔ نذیر احمد خان نے کاغذات نامزدگی داخل کرنے کے بعد پارٹی کے ہیڈکوارٹر میں ایک انتخابی جلسے سے خطاب کے دوران نیشنل کانفرنس کو سخت الفاظ میں ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ اسی جماعت نے ریاست اور ریاستی عوام کے مفادات کو بار بار زک پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ این سی لیڈروں نے ایک بار نہیں بلکہ بار بار حصول اقتدار کیلئے اپنے اصولوں اور ریاستی مفادات کا سودا کیا۔ انہوں نے کہاکہ وہ پی ڈی پی میں اسلئے شامل ہوئے تاکہ ریاست اور ریاستی عوام کی بہتر طور خدمت انجام دے سکیں۔ اس موقع پر پارٹی سے وابستہ سید الطاف بخاری ، نعیم اختر، غلام نبی لون ہانجورہ ، عبدالحق خان ، نظام الدین بٹ ، آسیہ نقاش ، نور محمد شیخ ، محمد خورشید عالم، سیف الدین بٹ ، ڈاکٹر شفیع اور دیگر کئی لیڈران بھی موجود تھے۔ اس سے قبل فارم داخل کرتے وقت نذیر احمد خان کے ہمراہ پارٹی کے سینئر لیڈراورممبر پارلیمنٹ مظفر حسین بیگ کے علاوہ عمران رضا انصاری بھی شامل تھے۔قابل ذکر ہے کہ ریاستی کابینہ میں حالیہ ردوبدل کے بعد عمران رضا انصاری نے ناراض ہوکر استعفیٰ دے دیا تھا اور اب انہیں سرینگر کی پارلیمانی نشست کا انچارج مقرر کیا گیا ہے۔

تبصرے