واڈورہ میں مسافر بس اُلٹ گئی، 25زخمی

20 مارچ 2017 (06:13)

سوپور جی ایم سوپوری سوپورکے مضافات میں ایک مسافر بس کے اُلٹنے سے25مسافر زخمی ہوگئے جن میں سے 4خواتین سمیت 6 افراد کو شدید زخمی حالت میں سرینگر منتقل کیا گیا۔ واڈورہ سے سوپور کی طرف جارہی ایک بس زیر نمبرJK056162 پیر کی صبح واڈورہ پائین کے نزدیک ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوکر اُلٹ گئی۔ اس واقعہ میں گاڑی کوشدید نقصان پہنچنے کے ساتھ ساتھ اس میں سوار25مسافر زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور سب ڈسٹرکٹ اسپتال سوپورمنتقل کیا گیا۔ زخمیوں میں کئی خواتین بھی شامل تھیں اور واقعہ کی اطلاع ملتے ہی مقامی لوگوں کی ایک بڑی تعداد جائے واردات کی طرف دوڑ پڑی اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا۔ پولیس کے مطابق زخمیوں میں سے بیشترکو ابتدائی مرہم پٹی کے بعد رخصت کیا گیا جبکہ شدید طور زخمی ہوئے۔6مسافروں کو سب ڈسٹرکٹ اسپتال سے سرینگر منتقل کیا گیا جن میں4خواتین شامل ہیں۔ان کے نام رفیقہ بیگم، حفیظہ بیگم، فردوس احمد، راجہ بیگم، رقعیہ اختر اور خورشید احمد کے بطور معلوم ہوئے ہیں۔پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کرکے چھان بین شروع کردی ہے۔

تبصرے