پی ڈی پی کے کنونشن پر پتھرائوتین کارکن زخمی- کارکنان میں افرا تفری پھیل گئی اور اِدھر اُدھر بھاگنے لگے

19 مارچ 2017 (06:18)

کولگام نیازحسین چیولگام کولگام میں پی ڈی پی کے کنونشن میں اس وقت افرا تفری مچ گئی اور 3 کارکنان زخمی ہوئے جب سنگبازوں کے ایک گروہ نے اس کنونشن پر حملہ کرکے پتھرائو کیا۔ معلوم ہوا ہے کہ پی ڈی پی کا یہ انتخابی کنونشن ڈاک بنگلہ چیولگام میں منعقد ہورہا تھا جس میں پارلیمانی ضمنی انتخابات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا جارہا تھا ۔ اس کنونشن میں دیہی ترقی کے وزیر اور پی ڈی پی کے سینئر لیڈر عبدالحق خان ، ممبر پارلیمنٹ نذیر احمد لاوے، ایم ایل اے نور آباد عبدالمجید پڈرو کے علاوہ دیگر سینئر عہدیداران و کارکنان موجود تھے۔ پتھرائو کے نتیجے میں 3 کارکنان زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر علاج و معالجہ کی غرض سے صدر اسپتال کولگام میں داخل کیا گیا ۔ پتھرائو کے نتیجے میں پی ڈی پی کے اس کنونشن میں افرا تفری پھیل گئی اور کارکنان ادھر اُدھر بھاگنے لگے جبکہ پولیس نے مقامِ کنونشن کو اپنی تحویل میں لیا اور یہاں موجود ریاستی وزیر سمیت تمام دیگر سیاسی شخصیات کو بحفاظت باہر نکالا۔ ادھر ایس ایس پی کولگام شری  دھر پاٹیل نے پی ڈی پی کنونشن پر پتھرائو سے متعلق خبروں کو مسترد کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی کا کنونشن جب ہورہا تھا وہ اس وقت وہاں پر موجود تھے اور اس کنونشن پر کسی طرح کا پتھرائو نہیں ہوا بلکہ اس میں ہزاروں لوگوں نے شرکت کی ۔

تبصرے