نیشنل کانفرنس اور کانگریس کی طرف سے سیٹ شیئرنگ فارمولے کا اعلان- ڈاکٹر فاروق عبداللہ سرینگر کیلئے این سی کے جبکہ غلام احمد میر اننت ناگ کیلئے کانگریس کے امُیدوار ہونگے

15 مارچ 2017 (06:29)

سرینگر جموں وکشمیر کی سب سے بڑی اپوزیشن جماعت نیشنل کانفرنس نے وادئ کشمیر کی دو پارلیمانی نشستوں سرینگر اور اننت ناگ کیلئے ہونے والے ضمنی انتخابات کانگریس پارٹی کے ساتھ مشترکہ طور پر لڑنے کا اعلان کیا ہے ۔ ریاست کے سابق وزیر اعلیٰ اور نیشنل کانفرنس کے کارگذار صدر عمر عبداللہ نے بدھ کو یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیٹ شیئرنگ فارمولے کے تحت این سی کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ سرینگر جبکہ ریاستی پردیش کانگریس کمیٹی سربراہ غلام احمد میر اننت ناگ کیلئے ضمنی انتخابات کے امیدوار ہوں گے ۔ پریس کانفرنس میں کانگریس کے ریاستی صدر غلام احمد میربھی موجود تھے ۔ عمر عبداللہ نے جی اے میر کو بھر پور تعاون دینے کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں جماعتوں نے ایک ایک سیٹ پر انتخاب لڑنے پر رضا مندی ظاہر کی ہے۔ عمر عبداللہ نے کہا کہ نیشنل کانفرنس نے ڈاکٹر فاروق عبداللہ کو ضمنی انتخابات کیلئے نمائندوں کے انتخاب اور کانگریس کے ساتھ اتحاد کرنے یا نہ کرنے کے حوالے سے فیصلے لینے کا مجاز بنایا تھا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں جماعتوں نے اپوزیشن کے ووٹوں کو تقسیم ہونے سے روکنے کیلئے انتخابات مشترکہ طور پر لڑنے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔ خیال رہے کہ الیکشن کمیشن آف انڈیا نے 9 مارچ کو وادی کی دو پارلیمانی نشستوں سری نگر اور اننت ناگ کیلئے ضمنی انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کیا۔الیکشن کمیشن کی جانب سے اعلان شدہ تاریخوں کے مطابق سرینگر اور اننت ناگ پارلیمانی نشستوں کیلئے ووٹنگ بالترتیب 9 اور 12 اپریل کو ہوگی۔ اُن کا کہنا تھا کہ پی ڈی پی اور بھاجپا اتحاد نہ صرف کشمیر کے حالات خراب کرنے کے مرتکب ہوا ہے بلکہ یہاں کے نوجوانوں کے مستقبل کے ساتھ بھی کھلواڑ کیا گیا۔ آج ہمارے نوجوان کو اپنا مستقبل تاریک نظر آرہا ہے ، جو ایک المیہ ہے ۔ پریس کانفرنس میں پارٹی کے جنرل سکریٹری علی محمد ساگر، صوبائی صدر ناصر اسلم وانی، سینئر لیڈر مبارک گل، جنوبی زون صدر سکینہ ایتو، کانگریس لیڈران تاج محی الدین،  محمد امین بٹ اور این سی ترجمان جنید عظیم متو بھی موجو دتھے ۔ اس سے قبل پارٹی اجلاس میں این سی کے سینئر لیڈران ممبرانِ قانون سازیہ ایڈوکیٹ عبدالمجید لارمی، الطاف احمد کلو، بشیر احمد ویری، ایڈوکیٹ ریاض احمد خان، غلام نبی اڈگامی، محمد شفیع شاہ، ایڈوکٹ فاروق احمد گنائی، عمران نبی ڈار، ایڈوکیٹ شبیر احمد کلے کے علاوہ کئی لیڈران موجود تھے ۔ دریں اثنا نیشنل کانفرنس کے ایک ترجمان نے کہا کہ پارلیمانی ضمنی انتخابات کے سلسلے میں نیشنل کانفرنس کا اجلاس بدھ کو مسلسل تیسرے روز بھی جاری رہا۔ انہوں نے کہا کہ اجلاس کی صدارت نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ کررہے تھے ، جبکہ کارگذار صدر عمر عبداللہ، جنرل سکریٹری علی محمد ساگر، صوبائی صدر ناصر اسلم وانی، سینئر لیڈر ان خالد نجیب سہروردی ،مبارک گل اور سکینہ ایتو کے علاوہ جنوبی کشمیر کے ممبرانِ قانون سازیہ اور ضلع صدور بھی موجود تھے ۔ اجلاس میں سری نگر اوراننت ناگ نشستوں پر پارلیمانی انتخابات کے سلسلے میں پارٹی لائحہ عمل اور اُمیدواروں کو میدان میں اتارنے کیلئے سیر حاصل بحث کی گئی۔اجلاس کے شرکا نے اپنے اپنے علاقوں کے حالات ،زمینی صورتحال اور پارٹی سرگرمیوں کے بارے میں آگاہی دلائی۔

تبصرے