سونہ وار میں کثیر منزلہ عمارت خورشید احمد گنائی نے سنگ بنیاد رکھا

سرینگر/گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی نے سید یعقوب صاحب ؒ سونہ وار کی زیارت گاہ میں کثیر منزلہ عمارت کا سنگ بنیاد رکھا۔خورشید احمد گنائی جو کہ وقف بورڈ کے چیئرمین بھی ہےں ، نے تعمیراتی ایجنسی کو یہ پروجیکٹ 6ماہ کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت دی ہے۔وقف بورڈ کے ایگزیکٹیو انجینئر نے کہا ہے کہ یہ عمارت 3500مربع فٹ پر محیط تین منزلوں پر مشتمل ہوگی ۔ اس عمارت کی تعمیر پر 65لاکھ روپے لاگت آنے کا اندازہ ہے۔تفصیلات دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس عمار ت ایک طبی تشخیصی مرکز، ایک کانفرنس ہال اور امام صاحب کے لئے اقامتی سہولیت کے علاوہ گارڈ روم اور خواتین و مردوں کے لئے الگ الگ وضو خانے ہوں گے۔اس موقعہ پر خورشید احمد گنائی نے کہا کہ وقف بورڈ میں وسائل کو متحرک کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔انہوں نے وقف بورڈ کے ممبران کو لوگوں کے ساتھ قریبی رابطہ بنائے رکھنے کے لئے کہا تاکہ عام لوگ وقف بورڈ کے حق میں عطیات دیں۔انہوں نے کہا کہ وقف بورڈ عنقریب زکوٰۃ فنڈ کھاتہ کھولے گا اور یہ رقم سماجی بہبود پر خرچ کی جائے گی۔وقف بورڈ کے وائس چیئرمین جی آر صوفی ، بورڈ کے سیکرٹری جی ایم ڈار، ایگزیکٹیو آفیسر بشیر احمد ڈار اور دیگر عہدہ دار بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔

مزید دیکهے

متعلقہ خبریں