ہمارے فوجیوں کو سزا ہوئی تو عالمی عدالت کے ججز کو گرفتار کرلیں گے: امریکا کی دھمکی

سرینگر//﴿آفتاب ویب ڈیسک ﴾ جارحیت اور غرور کا بدترین مظاہرہ کرتے ہوئے امریکا نے عالمی فوجداری عدالت کے ججز اور پراسیکیوٹرز کو گرفتار کرنے اور مالی امداد بند کرنے کی دھمکی دے دی ہے۔دراصل انٹرنیشنل کرائم کورٹ میں امریکی افسران کو 2016 میں افغانستان میں قیدیوں کے ساتھ غیر انسانی سلوک اور زیادتی پر مقدمات کا سامنا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی صدر کے مشیر برائے قومی سلامتی جان بولٹن نے انٹرنیشنل کرائم کورٹ کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے ججوں کی گرفتاری سمیت سخت پابندیاں عائد کرنے کا عندیہ دیا انہوں نے کورٹ پر امریکیوں کے ساتھ امتیازی سلوک برتنے کا بھی الزام عائد کیا۔امریکی مشیر جان بولٹن کا مزید کہنا تھا کہ اگر عالمی فوجداری عدالت امریکی، اسرائیلی یا اتحادی اہلکاروں کے خلاف کارروائی کرے گی تو خاموش نہیں بیٹھیں گے۔ امریکا اپنے شہریوں، رضاکاروں اور افسران کی حفاظت کرنا جانتا ہے اور ہماری پہلی ترجیح اپنے شہریوں کی حفاظت کرنا ہے۔جان بولٹن نے مزید کہا کہ افغانستان میں تعینات امریکی افسران کے خلاف فیصلہ آیا تو عالمی فوجداری عدالت کے ججوں پر امریکا میں داخلے پر پابندی کر دیں گے۔ ججوں اور پراسیکیوٹرز کو گرفتار کر کے امریکی نظام انصاف کے تحت کارروائی کریں گے جب کہ عالمی فوجداری عدالت کو دی جانے والی مالی امداد بھی بند کردی جائے گی۔

مزید دیکهے

متعلقہ خبریں