خاتون ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کپ 9 نومبر سے 24 نومبر تک ویسٹ انڈیز میں

دبئی/یو این آئی/ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ﴿آئی سی سی﴾ کے زیر اہتمام خاتون ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کپ 9 نومبر سے 24 نومبر تک ویسٹ انڈیز میں کھیلا جائے گا۔میزبان ویسٹ انڈین ٹیم ایونٹ میں ٹائٹل کا دفاع کرے گی جبکہ ہندستان اور پاکستان کی ٹیمیں 11 نومبر کو آمنے سامنے ہوں گی۔ آئی سی سی کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق میگا ایونٹ 9 سے 24 نومبر تک کھیلا جائے گا جس میں دنیائے کرکٹ کی 10 ٹیمیں عالمی ٹائٹل کے حصول کیلئے ایکشن میں دکھائی دیں گی۔ایونٹ میں شریک ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے ۔گروپ اے میں دفاعی چمپئن ویسٹ انڈیز، انگلینڈ، جنوبی افریقہ، سری لنکا اور کوالیفائر ون جبکہ گروپ بی میں ہندستان ، پاکستان، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور کوالیفائر ٹو شامل ہیں۔فائنل سمیت تمام 23 میچ براہ راست نشر کئے جائیں گے اور پہلی مرتبہ ورلڈ ٹی ٹونٹی کپ میں ڈی آر ایس سسٹم بھی استعمال کیا جائے گا۔ڈیرن سیمی کرکٹ گراؤنڈ، سینٹ لوشیا، سر ویون رچرڈزا سٹیڈیم، اینٹی گووا اور پروویڈنس اسٹیڈیم، گیانا میچزوں کی میزبانی کریں گے ۔سر ویون رچرڈز اسٹیڈیم 22 نومبر کو دونوں سیمی فائنلز اور 24 نومبر کو شیڈول فائنل کا بھی میزبان ہو گا۔ایونٹ کے افتتاحی میچ میں ہندستان اور نیوزی لینڈ کی خاتون ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔اسی روز پاکستانی ٹیم آسٹریلیا کے خلاف مہم کا آغاز کرے گی جبکہ ویسٹ انڈیز کا مقابلہ کوالیفائر ون سے ہو گا۔ہندستان اور روایتی حریف پاکستان کی ٹیمیں 11 نومبر کو مدمقابل ہوں گی۔واضح رہے کہ صف اول کی آٹھ بہترین ٹیموں نے براہ راست ایونٹ کیلئے کوالیفائی کیا تھا جبکہ بقیہ دو ٹیموں کو کوالیفائر مرحلہ عبور کرنا ہو گا۔ خواتین ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کوالیفائر ٹورنامنٹ 7 سے 14 جولائی تک ہالینڈ میں کھیلا جائے گا جس میں بنگلہ دیش، آئرلینڈ، ہالینڈ، پاپوا نیو گنی، اسکاٹ لینڈ، تھائی لینڈ، یوگینڈا اور متحدہ عرب امارات کی ٹیمیں ورلڈ کپ تک رسائی کیلئے فائٹ کریں گی۔

مزید دیکهے

متعلقہ خبریں