پولیس گاڑی کی ٹکر سے 65سالہ بزرگ لقمہ اجل ڈرائیور گرفتار ،گاڑی ضبط ، تحقیقات شروع :ایس ایس پی

سرینگر/اے پی آئی /دلنہ بارہمولہ میں پولیس گاڑی کی ٹکر سے 65سالہ بزرگ کی موت واقع ہونے کے خلاف ہڑتال سے زندگی درہم برہم ،کاروباری ادارے ٹھپ ،مقامی لوگوں نے الزام لگایا کہ پولیس گاڑی نے جان بوجھ کر عمر رسیدہ شخص کو کچل ڈالا ،تاہم ایس ایس پی کے مطابق عمر رسیدہ شخص کی ہلاکت کے سلسلے میںڈرائیور گرفتار اور معاملے کی تحقیقات شروع ۔ دلنہ بارہمولہ کے علاقے میں اس وقت صف ماتم بچھ گئی جب 7مارچ شام 6بجے کے قریب پولیس کی ایک گاڑی نے65سالہ بزرگ ثناالہ آہنگرکو ٹکر مار دی جسے وہ شدید طور پر زخمی ہوا ۔ مذکورہ شخص کو فوری طور پر قریبی اسپتال پہنچایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے بچانے کی بھر پور کوشش کی تاہم ان کی کوششیں رائیگان ثابت ہوئی اور مذکورہ شخص زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ بیٹھا ۔ پولیس نے نعش کو اپنی تحویل میں لے کر قانونی ضابطے پورے کئے اور میت ورثہ کے حوالے کر دی ،تاہم مقامی لوگوںنے الزام لگایا کہ ہڑتال کی وجہ سے کئی نوجوان دلنہ میں سرینگر مظفر آباد شاہراہ پر کھڑ ے تھے کہ اس دوران پولیس کی ایک گاڑی وہاں سے گذری جس پر کئی سے پتھر پھینکا گیا اس دوران پولیس پارٹی گاڑی سے نیچے اتر ی اور نوجوانوں کا تعاقب شروع کیا ۔ مقامی لوگوں کے مطابق پولیس نے توصیف احمد آہنگر نامی نوجوان کو گرفتار کرنے کی کوشش کی جس پر اس کے لواحقین نے مزاحمت کی اس دوران پولیس گاڑی نے مذکورہ 65سالہ شخص کو ٹکر مار دی جس سے اس کی موت واقع ہوئی ۔ ایس ایس پی بارہمولہ میر امتیاز حسین کے ساتھ رابطہ قائم کیا تو انہوںنے تفصیلات فراہم کرتے/جاری صفحہ نمبر۱۱پر
 ہوئے کہا کہ سورج ڈھلنے کے وقت دلنہ بارہمولہ میں سنگبازی کا واقع رونما ہوا ،پولیس نے سنگباری کرنے والے نوجوانوں کا تعاقب کیا اس دوران ایک نوجوان جس کی شناخت توصیف احمد آہنگر کے بطور ہوئی نوجوانوں کو سنگبازی کیلئے اکسانے کی شکایت ملی ،پولیس نے اسے گرفتار کرنے کی کوشش کی تاہم وہاں ہنگامہ بپا ہوا ،بڑی تعداد میں لوگوںنے پولیس گاڑی کو اپنے گھیرے میں لے لیا جس کے دوران 65سالہ شخص کو ٹکر لگی اور زخمی ہونے کے بعد وہ اسپتال میں دم توڑ بیٹھا ۔ پولیس نے گاڑی کے ڈرائیور کو گرفتار کر کے معاملے کی تحقیقات باریک بینی سے شروع کر دی ۔ ادھر دلنہ بارہمولہ میں 65شخص کی ہلاکت کے خلاف ہڑتال سے زندگی درہم برہم ہو کر رہ گئی ۔

مزید دیکهے

متعلقہ خبریں