بارہمولہ میں پولیس گاڑی کے نیچے معمر شہری کے کچلے جانے کے واقعہ پر ہڑتال

سرینگر//﴿آفتاب ویب ڈیسک ﴾ شمالی کشمیر کے بارہمولہ میں فورسز کی گاڑی کے نیچے ایک معمر شہری کے کچلے جانے کے واقعہ پر آج ضلع میں ہڑتال ہے۔ یہ حادثہ گزشتہ شام بارہمولہ کے دلنہ علاقے میں اُس وقت رونما ہوا ، جب 65سالہ عبدالعزیز آہنگر کوایک پولیس گاڑی نے زور دار ٹکر ماردی۔مارے جانے والے شہری کے افراد خانہ کا کہنا ہے کہ پولیس نے اس حادثے سے قبل عبدالعزیز کے بیٹے توصیف احمد آہنگر کو گرفتار کرنے کی کوشش کی تھی اور اپنے بیٹے کی گرفتاری کی مزاحمت کرتے ہوئے عبدالعزیز پولیس گاڑی کے نیچے آکر کچلا گیا۔وہ موقعے پر ہی لقمہ اجل بن گیا۔اسے آج دلنہ بارہمولہ میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد کی موجودگی میں سپرد خاک کیا گیا۔اس واقعہ پر آج ضلع بھر میں ہڑتال ہے۔ تمام دکانیں اور دیگر کاروباری ادارے بند رہے اور ٹرانسپورٹ معطل رہا ۔حکام نے کشیدگی کے پیش نظر قصبے میں فورسز کی بھاری تعیناتی عمل میں لائی ہے۔

مزید دیکهے

متعلقہ خبریں