اُترپردیش لوک سبھا ضمنی انتخاب میں لیفٹ پارٹیوں کا سماجوادی پارٹی کو حمایت

لکھنؤ/6مارچ ﴿یو این آئی﴾ بھارتیہ کمیونسٹ پارٹی ﴿مارکسی﴾، بھارتیہ کمیونسٹ پارٹی﴿ سی پی آئی﴾، سی پی آئی مالے اور فارورڈ بلاک نے ایک مشترکہ اجلاس میں اترپردیش کے گورکھپور اور پھول پور لوک سبھا نشستوں پر ہو رہے ضمنی انتخابات میں سماجوادی پارٹی کے امیدوار کو حمایت دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اجلاس میں پھول پور اور گورکھپور لوک سبھا کیلئے ہو رہے ضمنی انتخاب میں بھارتیہ جنتا پارٹی کو شکست دینے کیلئے سماجوادی پارٹی کو حمایت دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔بایاں محاذ نے کہا ہے کہ بی جے پی فاشسٹ ہے ۔جب سے بی جے پی کی حکومت سے ہندوستانی آئین اور جمہوریت پر خطرہ بڑھ گیا ہے ۔اقلیتوں، دلتوں اور خواتین پر حملوں میں بے تحاشہ اضافہ ہوا ہے اور عوام کے اتحاد کو چوٹ پہنچائی جارہی ہے ایسی صورت میں عوام مخالف بی جے پی کو ہرانا عوام اور ملک کے مفاد میں انتہائی ضروری ہو گیا ہے۔ بایاں محاذ کے رہنماوں نے کہا کہ اتر پردیش میں بی جے پی کے خلاف عوامی اور سیکولر طاقتیں ایک ساتھ آ رہی ہیں، بی ایس پی کی طرف سے اس انتخاب میں حمایت دینا ایک اچھی شروعات ہے۔عوام کی یہی خواہش اور وقت کا مطالبہ ہے کہ ملک بچانے کیلئے تمام سیکولرطاقتیں ایک ساتھ کھڑی ہوںبایاں محاذ نے ان اضلاع میں اپنے یونٹوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ بی جے پی کو شکست دینے کے لئے ایس پی امیدواروں کی حمایت میں اپنی پوری طاقت اور سرگرمی سے کام کریں۔

مزید دیکهے

متعلقہ خبریں