ریاست میں ملٹی موڈل لاجسٹک پارک قائم کرنا تعمیرات عامہ کے انتظامی سیکرٹری نوڈل آفیسر نامزد

جموں//ریاستی حکومت نے پی ڈبلیو ڈی محکمہ کے انتظامی سیکرٹری کو ریاست میں ملٹی موڈل لاجسٹک پارکیں قائم کرنے کے لئے ٹرانسپورٹ اور شاہراہوں کی مرکزی وزارت کے ساتھ تال میل رکھنے کے لئے نوڈل آفیسر نامز د کیا ہے۔واضح رہے کہ ریاستی حکومت نے پہلے ہی جموں اور سرینگر میں ملٹی موڈل لاجسٹک پارکیں قائم کرنے کے حوالے سے دوبئی پورٹس ورلڈ کے ساتھ مفاہمت نامے پر دستخط کئے ہیں۔ریاست میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کے ذریعے سے پہلی ایم ایم ایل پی اور ٹرانسپورٹیشن ہف قائم کرنے سے متعلق مفاہمت نامے پر ریاست کے وزیر خزانہ ڈاکٹر حسیب اے درابو اور دوبئی پورٹس کے چیئرمین اور سی ای او سلطان احمد بن سلائم نے پچھلے مہینے ابو دابی میں وزیر اعظم نریندر مودی اور ابو دابی کے شہزادے محمد بن زائد النیہان کی موجودگی میں دستخط کئے تھے۔مفاہمت نامے کی بدولت جموں وکشمیر میں اگلے پانچ برسو ں کے دوران پانچ ہزار کروڑ روپے کی سرمایہ کاری ممکن ہوسکے گی ۔مجوزہ ان لینڈ لاجسٹک پارکیں جموں میں سانبہ اور کشمیر میں اومپورہ کے مقام پر قائم کی جائیں گی جہاں پر زراعت ، باغبانی اور دستکاری اشیائ کو براہ راست بین الاقوامی بازاروں تک پہنچانے کی جدید سہولیات دستیاب ہوں گی۔مفاہمت نامے پر دستخط کرنے سے پہلے سلطان احمد بن سلائم نے دوبئی پورٹس کے اعلیٰ افسروں کی ایک ٹیم کے ہمراہ جموں وکشمیر کا دورہ کیا اور یہاں یہ پارک قائم کرنے کے خدو خال کا جائزہ لیا۔دوبئی پورٹس کے وفد نے وزیر اعلیٰ محبوبہ ، وزیر خزانہ ڈاکٹر حسیب اے درابو ، صنعت و حرفت کے وزیر چندر پرکاش گنگا اور کئی دیگر سرکار افسروں کے ساتھ تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔انہوں نے سانبہ میں لاجسٹک پارک قائم کرنے کی مجوزہ جگہ کا بھی دورہ کیا۔

مزید دیکهے

متعلقہ خبریں