آئی پی ایل:کولکتہ نائٹ رائڈرس کیلئے کارتک نئے کپتان مقرر

کولکتہ/ انڈین پریمیئر لیگ ﴿آئی پی ایل﴾ میں دو بار فاتح رہ چکی کولکاتا نائٹ رائڈرس ﴿کے کے آر﴾ نے لیگ کے 11 ویں ایڈیشن کے لئے وکٹ کیپر بلے باز دنیش کارتک کو نیا کپتان بنائے جانے کا اتوار کو اعلان کیا ۔32 سال کے کارتک کو کولکاتا نے جنوری میں ہوئی نیلامی میں 7.4 کروڑ روپے کی رقم میں خریدا تھا اور وہ ٹیم کے کپتان بننے کی دوڑ میں سب سے آگے چل رہے تھے ۔کپتان کی ریس میں ایک اور وکٹ کیپر رابن اتھپا بھی شامل تھے جنہیں ٹیم کا نائب کپتان بنایا گیا ہے ۔کارتک آئی پی ایل کی تاریخ میں کولکتہ کے چوتھے کپتان ہوں گے ۔ان سے پہلے سوربھ گنگولی، برینڈن میک کلم اور گوتم گمبھیر ٹیم کی کمان سنبھال چکے ہیں۔ گمبھیر سات برس تک کولکتہ کے کپتان رہے ۔گمبھیر نے اپنی کپتانی میں کولکتہ کو دو بار چمپئن بنایا لیکن اس بار انہیں رٹین نہیں کیا گیا اور پھر دہلی ڈئیرڈیولس نے گمبھیر کو اپنی ٹیم میں خرید لیا۔ہندستان کے لئے 23 ٹیسٹ، 79 ون ڈے اور 14 ٹوئنٹی 20 بین الاقوامی میچ کھیل چکے کارتک آئی پی ایل میں 2008 کے ابتدائی سیزن کے بعد سے اب تک پانچ ٹیموں کے لئے کھیل چکے ہیں۔کولکتہ سے جڑنے سے پہلے وہ دہلی ڈئیر ڈیولس،کنگز الیون پنجاب، ممبئی انڈینز، رائل چیلنجرس بنگلور اور گجرات لائنز کی طرف سے کھیل چکے تھے ۔اس کے علاوہ وہ اپنی گھریلو ٹیم تمل ناڈو کی بھی کمان سنبھال چکے ہیں۔کارتک نے اپنی کپتانی میں تمل ناڈو کو 2009۔10 میں وجے ہزارے ٹرافی کا خطاب دلایا تھا۔اس کے علاوہ وہ انڈیا ریڈ کی طرف سے بھی کپتانی کر چکے ہیں جس نے کارتک کی کپتانی میں ہی گزشتہ سال دلیپ ٹرافی کا خطاب جیتا تھا۔ٹوئنٹی 20 فارمیٹ میں تمل ناڈو کی کپتانی کے طور پر ان کا جیت کا ریکارڈ 72 فیصد رہا ہے ۔

مزید دیکهے

متعلقہ خبریں