پاکستان صحیح سمت میں جا رہا ہے: امریکی جنرل

واشنگٹن/ 28فروری/ امریکی فوج کے سربراہ جنرل جوزف ووٹل نے کہا ہے کہ جنوبی ایشیا میں امن کے حصول کے لیے پاکستان نے اپنی سرزمین پر چند مثبت اقدامات کیے ہیں جس سے اشارہ ملتا ہے کہ پاکستان صحیح سمت میں جا رہا ہے۔ امریکی کمانڈ کے سربراہ نے یہ بیان منگل کو کانگریس کی دفاعی کمیٹی کی انتہا پسندی سے جڑے خطرات پر ہونے والے اجلاس کے دوران دیا۔ ان کا کہنا تھا: خطے میں امن اور افغانستان میں کامیابی کے لیے پاکستان کے ساتھ تعاون اور گہرے تعلقات بہت اہم ہیں۔ میں فی الحال یہ تو نہیں کہہ سکتا کہ اعتماد کی کمی نہیں کیونکہ دونوں ملکوں کے تعلقات کی ایک لمبی تاریخ ہے لیکن میں یہ ضرور کہوں گا کہ ہماری تازہ بات چیت کے بعد ہمیں مثبت اشارے ملے ہیں۔ جنرل ووٹل کا مزید کہنا تھا: پاکستان نے چند خوش آئند اقدامات کیے ہیں جس سے پاکستان کے صحیح سمت میں آگے بڑھنے کے مثبت اشارے ملتے ہیں۔ پاکستان کی خطے کے لیے بدلتی پالیسی کو ظاہر کرنے کے لیے یہ حکومتی اقدامات فیصلہ کن تو نہیں مگر مثبت ہیں۔ امریکی فوج کے سربراہ کا یہ بیان ایسے وقت آیا ہے جب امریکہ نے برطانیہ، فرانس اور جرمنی کے ساتھ مل کر پاکستان کو فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کی بلیک لسٹ پر ڈالنے کے لیے کوشش جاری رکھی ہوئی ہے۔

مزید دیکهے

متعلقہ خبریں