نواز شریف مسلم لیگ کا تاحیات قائد شہباز شریف قائمقام صدر منتخب

اسلام آباد/ پاکستان کی حکمراں جماعت پاکستان مسلم لیگ ﴿نون﴾ کی اعلیٰ قیادت نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو جماعت کا تاحیات قائد اور پنجاب کے وزیر اعلیٰ شہباز شریف کو قائمقام صدر منتخب کر لیا ہے۔ یہ فیصلے منگل کو لاہور میں مسلم لیگ ن کی مرکزی مجلسِ عاملہ کے اجلاس میں کیے گئے۔ راجہ ظفر الحق کی سربراہی میں منعقدہ اس اجلاس میں شہباز شریف کے علاوہ مریم نواز شریف اور حمزہ شہباز بھی شریک تھے جبکہ وزیر اعظم نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ اطلاعات کے مطابق مسلم لیگ نون کے اجلاس میں سابق وزیر اعظم نواز شریف بطور مبصر شریک ہوئے۔ اس اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ شہباز شریف جماعت کے قائم مقام صدر ہوں گے جبکہ آئندہ 45 دن میں پارٹی کے صدر کا انتخاب کرایا جائے گا اور مستقل صدر منتخب کیا جائے گا۔ اجلاس کے بعد مریم نواز شریف نے ٹوئٹر پر نواز شریف کے تاحیات قائد بنائے جانے کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ اجلاس میں پارٹی کے چیئرمین راجہ ظفرالحق، شہباز شریف اور وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اس سلسلے میں قرارداد پیش کی جسے متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔ خیال رہے کہ پاکستان کے الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کی جانب سے سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کو مسلم لیگ ن کی صدارت کے لیے بھی نااہل قرار دیے جانے کے بعد جماعت کو نیا صدر منتخب کرنے کے لیے نوٹس جاری کیا تھا۔

مزید دیکهے

متعلقہ خبریں