سرمائی تعطیلات کے بعد سکول کھل گئے پہلے دن کو ’’یوم خوش آمدید ‘‘ کے طور پر منایاگیا

سرینگر/سرمائی تعطیلات کے بعد وادی کے تمام ہائی اور ہائر سیکنڈری سکولوں میں کل سے درس و تدریس کا کام دوبارہ شروع ہوا اور پہلے دن کو ناظم تعلیم کشمیر ڈاکٹر جی این ایتو کی ہدایات کے مطابق ’’یوم خوش آمدید ‘‘ کے طورمنایا گیا۔ آج جوں ہی طالب علموں نے سکولوں کا رُخ کیا تو دیکھا گیا کہ اُن کے چہرے خوشی سے کھِل رہے تھے اورتمام سکولوں میں تدریسی عملہ طالب علموں کے استقبال میں محو رہا۔اسی دوران طالب علموں نے اپنے اپنے متعلقہ سکولوں میں اساتذہ کی طرف سے خوش آمدید کئے جانے پر مسرت کا اظہار کیا ہے۔سکولوں میں کام کاج شروع ہونے کے موقعے پر ریاستی وزیر تعلیم سید محمد الطاف بخاری نے طالب علموں کے تئیں نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ 2018میں ریاست کے تعلیمی بنیادی ڈھانچے کو مستحکم بنانے کے لئے کئی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے سال/جاری صفحہ نمبر ۱۱پر
 2018طالب علموں کے لئے کامیاب تدریسی سال ثابت ہونے کی دعا کی ہے۔ اسی دوران سیکریٹری تعلیم فاروق احمد شاہ اور ناظم تعلیم کشمیر ڈاکٹرجی این ایتو نے بھی طالب علموں کے ساتھ نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے رواں تدریسی سال کامیاب تدریسی سال کے طور ثابت ہونے کی دعا کی ہے۔ ناظم تعلیم نے کہا کہ تمام سکولی سربراہان دس دن کے اندر اندر متعلقہ سکولوں کے بنیادی ڈھانچے کے حوالے سے رپورٹ تیار کرکے محکمے کو پیش کریںتاکہ وزیر تعلیم کی ہدایت کے مطابق بنیادی ڈھانچے کومستحکم بنانے کے لئے کارگر اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ نئے تعلیمی سیشن کے لئے عنقریب ہی محکمے کی طرف سے ایک خصوصی تعلیمی کلینڈر جاری کیا جائے گا جس کے مطابق سیلبس کو مکمل کرنے کے لئے اضافی کلاسز اور ایام تعطیلات سے بھی کام لیا جائے گا۔ بارہمولہ ، اننت ناگ اور کولگام ضلعوں کے سکولی سربراہوں کے اجلاسوں کے دوران متعلقہ ضلع ترقیاتی کمشنروں نے اپنے اپنے علاقوں کے مختلف تعلیمی مسائل اُجاگر کئے۔ اس دوران ناظم تعلیم نے مختلف مسائل کے حل کے لئے چند ہدایات جاری کیں ۔ سرینگر میں منعقدہ اجلاس کے دوران ناظم تعلیم نے کہا کہ یہ سکولی سربراہان اور اساتذہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ سکولوں میں بچوں کو گھریلو جیسا ماحول فراہم کرکے درس و تدریس کے عمل کو بچوں کی دلچسپی کے عین مطابق بنائیں۔اسی دوران ناظم تعلیم کشمیر ڈاکٹر ایتو نے سرینگر میں سٹیٹ میڈیا سینٹر سے بات کرتے ہوئے کہا کہ عنقریب ہی محکمے کی طرف سے دیگر ضلعوں کا دورہ کرکے وہاں موئثر تدریسی عمل کے حوالے سے کئے جا رہے اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا۔انہوں نے تمام زونل اور چیف ایجوکیشن افسران کو ہدایات دیں کہ وہ درس و تدریس کے عمل کے حوالے سے ہر پندرھواڑے کے بعد محکمے کو رپورٹ پیش کریں تاکہ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اساتذہ کی سراہنا کی جائے گی، ناظم تعلیم کشمیر کے ہمراہ جوائنٹ ڈائریکٹر سینٹرل عابد حسین، جوائنٹ ڈائریکٹر SSAایچ آر پکھرو، جوائنٹ ڈائریکٹر ٹرینگس محبوب حسین ،میڈیا کارڈی نیٹر فیاض احمد فیاض اور سٹیٹ میڈیا سینٹر سے وابستہ دیگر عملہ بھی تھا۔

مزید دیکهے

متعلقہ خبریں