افغانستان کے مختلف حصوں میں حملے، 25 فوجی ہلاک

جلال آباد/ افغانستان کے مختلف حصوں میں طالبان کی جانب سے کیے جانے والے یکے بعد دیگرے حملوں میں اب تک کم از کم 25 فوجی ہلاک ہوگئے ہیں۔ حکام نے بتایا کہ افغانستان کے مغربی صوبے فرح میں ایک فوجی چوکی پر حملے کے نتیجے میں22 فوجی جبکہ دارالحکومت کابل میں ایک خود کش بمار نے سخت حفاظتی حصار میں گھرے علاقے میں خود کو اڑا لیا جس کے نتیجے میں تین سیکورٹی اہلکار ہلاک ہو گئے۔ افغانستان کی وزارت داخلہ کے ترجمان نجیب دانش نے بتایا کہ افغانستان میں نیٹو مشن کے ہیڈکوارٹر کے پاس ہونے والے حملے میں مرنے والوں کی شناخت نہیں ہو سکی ہے۔ اس کے علاوہ صوبے ہلمند میں شدت پسندوں نے دھماکہ خیز مواد سے بھری گاڑی ایک فوجی چوکی پر چڑھا دی جس کے نتیجے میں دو فوجی ہلاک ہوئے۔ افغانستان کی وزراتِ دفاع کے ترجمان دولت وزیری نے خبر رساں روئٹرز کو بتایا طالبان نے بڑی تعداد میں فوجی چوکی پر حملہ کیا جس میں ہمارے 18فوجی ہلاک اور دو زخمی ہو گئے۔ واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے افغانستان کے لیے نئی امریکی پالیسی کے اعلان کے بعد سے افغانستان بھر میں طالبان کے حملوں میں شدت آئی ہے۔ اس حملے کی ذمہ داری طالبان نے قبول کرتے ہوئے کہا اس کارروائی میں اس کے دو سپاہی مارے گئے۔

مزید دیکهے

متعلقہ خبریں