محکمہ تعلیم کی تعمیراتی سرگرمیوں کا سیکریٹری تعلیم فاروق احمدشاہ نے جائز ہ لیا  ناظم تعلیمات کشمیر نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے سرینگر سے تفصیلات دیں

سرینگر/سیکریٹری تعلیم فاروق احمد شاہ نے جموںمیں ویڈیو کانفرنس کے ذریعے ریاست میں محکمہ تعلیم میںجاری تعمیراتی کاموں کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ اُنہوں نے ناظم تعلیمات کشمیرڈاکٹر جی این ایتو اور ناظم تعلیمات جموںرویندر سنگھ کو ہدایت دی کہ وہ بذاتِ خود تعمیراتی کاموں کی نگرانی کریں تا کہ تعلیمی سیشن شروع ہونے سے قبل ہی اُن کی تکمیل کو یقینی بنایا جا سکے۔ناظم تعلیمات کشمیر ڈاکٹر جی این اِتو نے دیگر افسران کے ہمراہ ویڈیو کانفرنس کے ذریعے سیکریٹری موصوف کو کشمیر ڈیوژن میں جاری سکولی عمارات اور دیگر تعمیراتی کاموں کے حوالے سے سرینگر سے جانکاری دی۔ناظم تعلیمات کشمیر نے کہا کہ جو تعمیراتی کام دردست لئے گئے ہیں، اُن میں سے بیشترکام مکمل کئے گئے ہیں اور کئی کام تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں۔سیکریٹری تعلیم نے تمام چیف ایجوکیشن افسران کو ہدایت دی کہ وہ تعلیمی سیشن شروع ہونے سے قبل تمام تیاریوں کو مکمل کریں تاکہ طالب علموں کو سیشن کے آغاز سے ہی درس و تدریس کی بہترین سہولیات میسرہوجائیں ۔ انہوں نے تمام متعلقہ افسران سے کہا کہ وہ تعلیمی سیشن شروع ہونے سے قبل درس و تدریس عملے کے تمام تبادلہ معاملات کو حل کرنے کو یقینی بنائیں تاکہ تعلیمی سیشن کے آغازمیں درس و تدریس کے کام میں کوئی خلل نہ پڑے ۔ انہوں نے محکمہ کی انجینئرنگ وِنگ کو ہدایت دی کہ وہ ریاست میں پرائمری سطح کی عمارات کے تعمیری کام میں سرعت لائیں تاکہ اُن کی تکمیل وقت مقررہ پر یقینی بن سکے۔ سیکریٹری تعلیم کو جانکاری دی گئی کہ اننت ناگ میں ۹۱ ، بارہمولہ میں ۴۱، کولگام میں ۹، بڈگام میں ۴ ، سانبہ میں ۲ ، ڈوڈہ میں ۲۱، کپواڑہ میں ۹۲،پلوامہ میں ۶اورسرینگر میں ۷ کام پرائمری سطح کے ہاتھ میں لئے گئے ہیں جن میں سے بیشتر کام مکمل کئے گئے ہیں اور کئی کام تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں۔اس دوران فاروق احمد شاہ نے تمام چیف ایجوکیشن افسران سے درس و تدریس سے وابستہ عملے کے تنخواہوں کی واگزاری کے سلسلے میں تفصیلات طلب کیں۔ انہوں نے تمام متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ تنخواہوں کی واگزاری کے سلسلے میں کسی بھی طرح کی کوتاہی نہ برتی جائے۔ ناظم تعلیمات کشمیر ڈاکٹر جی این ایتو اور ناظم تعلیمات جموںروندر سنگھ کے علاوہ محکمہ تعلیم کی انجینئیرنگ وِنگ سے وابستہ عملے اور ریاست کے تمام چیف ایجوکیشن افسران نے اپنے اپنے ضلعوں سے ویڈیو کانفرس میں شرکت کی۔

مزید دیکهے

متعلقہ خبریں