دنیشورشرما جموں میں، وزیراعلیٰ سے ملاقات کی 15وفود میں شامل افراد سے بھی تبادلہ خیال کیا

جموں/جموں وکشمیر کے لئے خصوصی نمائندے دینشور شرما جو جموں صوبے کے چار روزہ دورے پر ہیں نے آج یہاں وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی سے ملاقات کی۔میٹنگ کے دوران دنیشورشرمانے وزیر اعلیٰ کو سرمائی دارالخلافہ کا دورہ کرنے کے بارے میں جانکاری دی۔دونوں کے مابین خطے میں سیاسی سرگرمیوں کے بارے میں بات چیت ہوئی۔ادھر یو این آئی کے مطابق مرکز کے خصوصی نمائندہ برائے کشمیر دنیشور شرما نے جمعرات کو یہاں سول سوسائٹی اور سیاستدانوں کی 15 سے زیادہ وفود کے ساتھ بات چیت کی۔ مسٹر شرما منگل کو یہاں آئے اور راج بھون میں گورنر این این ووہرا /جاری صفحہ نمبر۱۱پر
کے ساتھ ملاقات کی۔ انہوں نے گورنر مسٹر ووہرا کو ریاست کی موجودہ صورتحال پر سماج کے مختلف طبقوں کی جانب سے پیش کی گئی تجاویز سے آگاہ کیا۔ یہ مسٹر شرما کا تیسرا دورہ جموں وکشمیر تھا۔ انہوں نے اپنے پہلے دورہ کشمیر کے بعد پہلی بار سنگبازی کے مرتکب نوجوانوں کی رہائی اور ان کے خلاف پولیس تھانوں میں درج کیسوں کی واپسی کی تجاویز پیش کی تھی۔ محبوبہ مفتی کی قیادت والی ریاستی حکومت نے اس تجاویز پر پہلے ہی عمل درآمد شروع کیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ ممبران اسمبلی و کونسل، آل انڈیا مائیگرنٹ کیمپ کارڈی نیشن کمیٹی، جموں وکشمیر گوجر یونائیٹڈ فرنٹ، آر ایس پورہ و مرہین کے سرحدی رہائشیوں، جموں ہیری ٹیج سوسائٹی، آل جموں وکشمیر شیڈولڈ کاسٹ ویلفیئر سوسائٹی، انٹرنیشنل ہیومن رائٹس آرگنائزیشن جموں وکشمیر، ڈراما آرٹس ایسوسی ایشن جموں، جموں ویسٹ اسمبلی مومنٹ، آل جموں وکشمیر کنٹریکچول لیکچرارس فورم، ریلوے ڈاکٹرس ایسوسی ایشن جموں، آل جموں وکشمیر ہوم گارڈس ویلفیئر ایسوسی ایشن، کرگل وار پورٹرس ویلفیئر ایسو سی ایشن ادھم پور، نیشنل مزدور کانفرنس اور شرمونی اکالی دل ﴿امرتسر﴾کے سربراہوں و اراکین نے دنیشور شرما کے ساتھ ملاقات کی۔ واضح رہے کہ مرکزی سرکار نے گذشتہ برس کے اواخر میں دنیشور شرما کو ’مسئلہ کشمیر‘ کے فریقین سے بات چیت کی ذمہ داری سونپی۔ اس سے پہلے مرکز میں یو پی اے سرکار نے ’کشمیر‘ پر بات چیت کے لئے تین مذاکرات کاروں دلیپ پڈگاونکر، رادھا کمار اور ایم ایم انصاری کو تعینات کیا تھا۔ اگرچہ انہوںنے اپنی سفارشات پر مبنی ایک تفصیلی رپورٹ وزیر داخلہ میں پیش کی تھی، تاہم قریب 6 سال کا عرصہ گذر جانے کے باوجود ان سفارشات پر کوئی عمل درآمد نہیں ہوا ہے۔ دنیشور شرما کو کابینی سکریٹری کا درجہ دیا گیا ہے۔

مزید دیکهے

متعلقہ خبریں