پاکستان کے خلاف امریکہ کے سخت رویے سے حامد کرزائی خوش

سرینگر//﴿آفتاب ویب ڈیسک ﴾افغانستان کے سابق صدر حامد کرزئی نے پاکستان سے متعلق امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ’ٹویٹ‘ کو خوش آئند قرار دیا ہے۔سابق افغان صدر حامد کرزئی نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹوئیٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ صدر ٹرمپ نے اپنی ٹویٹ میں گزشتہ 15 سالوں کے دوران پاکستان کے جس چہرے کی نشاندہی کی ہے ’’اس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ صرف افغان دیہاتوں اور گھروں پر بمباری نہیں بلکہ افغانستان سے باہر ﴿دہشت گردوں﴾ کی پناہ گاہیں ہیں۔‘‘حامد کرزئی نے کہا کہ وہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے واضح بیان کو خوش آئند کہتے ہیں۔سابق افغان صدر نے اپنے بیان میں تجویز کیا کہ نہ صرف افغانستان بلکہ خطے میں امن کے لیے پاکستانی فوجی اسٹیبلشمنٹ پر دباؤ بڑھانے کی ضرورت ہے۔صدر ٹرمپ نے اپنے پیغام میں کہا تھا کہ امریکی طرف سے گزشتہ 15 سالوں میں 33 ارب ڈالر کے بدلے اْن کے ملک کو پاکستان کی طرف سے ’’دھوکا‘‘ ہی ملا۔

مزید دیکهے

متعلقہ خبریں