وادی بھر میں عرس غوث الاعظم (رح) منایاگیا عقیدت مندوں کی بھاری تعداد نے آستان عالیہ پر حاضری دی

سرینگر/وادی بھر میں پیران پیرحضرت غوث العظم دستگیر (رح) کے سالانہ عرس کی تقریبات انتہائی عقیدت و احترام سے منائی گئیں جن دوران کڑاکے کی سردیوں کے باوجود عقیدتمندوں کی بھاری تعدادشب خوانی کی بابرکت مجالس میں شامل اور دستگیر صاحب (رح) کے تبرکات کے دیدار سے فیضیاب ہوئی۔ عرس کی تقریبات کے دوران مساجد ، خانقاہوں اوردرگاہوں میں روح پرورمجالس کا اہتمام کیا گیا ۔ حضرت شیخ سید عبدالقادر جیلانی (رح)کے سالانہ عرس کے سلسلہ میں سب سے بڑ ی تقریب خانقاہ غوث العظم دستگیر (رح) خانیار سرینگرمنعقد ہوئی جہاں سخت سردیوں کے باوجودہزاروں عقیدت مندبشمول خواتین رات بھر شب خوانی میں محو رہے جس کے دوران نعت و منقبت،/جاری صفحہ نمبر۱۱پر
 درودواذکار اور ختمات المعظمات کی محفلیں آراستہ ہوئیں۔خانیار میں نماز ظہر سے قبل مولانا خورشید احمد قانونگو نے دستگیر صاحب کی سیرت پاک پر روشنی ڈالی ، دستگیر صاحب(رح) کے عرس کے سلسلہ میں خانیار اور سرائے بالا کے بازاروں اور زیارت گاہوں پر چراغاں کیا گیا تھا اور پھولوں کی مالائوں سے سڑکوں کو سجایا گیا تھا ۔ خانیار کے ساتھ ساتھ سرائے بالا میں بھی عقیدتمندوں کی بڑی تعداد نے شب خوانی کی جس کے نتیجے میں علاقہ کی فضائیں رات بھر روح پرور آوازوں سے گونجتی رہیں۔سنیچر کونماز فجر کے موقعہ پر خانیار اور سرائے بالا میں ہزاروں کی تعداد میں عقیدتمندوں جن میں خواتین کی بڑی تعداد بھی شامل تھی،حضرت غوث العظم (رح) کے تبرکات کے دیدار سے فیضیاب ہوئے اور یہ عمل ہر نماز کے بعد دہرایا گیا۔خانیار کے خانقاہ دستگیر(رح) میں ہزاروں لوگوں نے نماز فجر ادا کی جس کے بعد عقیدتمند غوث العظم (رح) کے موئے پاک اور دیگر تبرکات کے دیدار سے فیضیاب ہوئے۔اس موقعہ پر مردوزن نے روتے بلکتے اشکبار آنکھوں سے اللہ کے حضوراپنے گناہوں کی مغفرت مانگی ۔اس سلسلے میںرہباب صاحب عالی کدل میں بھی خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ادھر کشمیر میڈیا نیٹ ورک نمائندوں کے مطابق حضرت غوث العظم(رح) کے عرس کی تقریبات آثارشریف پنجورہ شوپیان،خانقاہ دستگیرصاحب (رح)اولڈ ٹائون بارہمولہ،سونہ وار سرینگر،جناب صاحب صورہ،نادی ہل رفیع آباد،بانڈی پورہ ،کھرم سرہامہ، زچلڈارہ ہندوارہ، تجرشریف سوپور اور وادی کے دیگر کئی علاقوں کی مساجد ،خانقاہوں اور درگاہوں میں منعقد ہوئیں۔تجر شریف سوپور سمیت کئی دیگر خانقاہوں میں رات بھر ہزاروں عقیدتمند شب خوانی میں محو رہے ۔حضرت غوث العظم دستگیر(رح) کا عرس وادی بھر میں تزک واحتشام اور روایتی عقیدت کے ساتھ منایا جاتا ہے ، اس ضمن میںوادی بھر میں ان کی خانقاہوں پر چراغاں کیا گیا ہے اور وہاں کی طرف جانے والی سڑکوں کو سجایا گیاہے۔مجموعی طور پران تقریبات میں عقیدت مندوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ادھر گاسو حضرت بل میں بھی ایک تقریب منعقد ہوئی جس سے مولانا اخضر حسین نے خطاب کرتے ہوئے غوث الاعظم کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت ادا کیا۔

مزید دیکهے

متعلقہ خبریں