ایچ ای ڈی جریدے کا پہلا شمارہ مارچ 2018ئ میں جاری ہوگا:ڈاکٹر سامون

جموں//اعلیٰ تعلیمی محکمہ کا پہلا سہ ماہی انگریزی جریدہ مارچ 2018ئ میں شائع کیا جائے گا ۔ اس میں طلاب اور سکالروں کے لئے مختلف مضامین پر تحقیقی مواد دستیاب ہوگا۔اس حوالے سے اعلیٰ تعلیم کے پرنسپل سیکرٹری ڈاکٹر اصغر سامون کی صدارت میں مختلف کالجوں کے سینئر فیکلٹی ممبران کی ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس میں مجوزہ جریدے کے مواد اور خدو خال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقعہ پر فیصلہ لیا گیا کہ اس جریدے میں کمیونکیشن سکلز ، لٹریچر اور لنگوسٹکس سے متعلق تحقیقی مواد شامل ہوگا۔ اس مقصد کے لئے محکمہ نے پہلے ہی دس ارکان پر مشتمل ایک ایڈیٹوریل بورڈ تشکیل دیا ہے۔ ڈاکٹر سامون نے جریدے میں شائع ہونے والے مضامین کے حوالے سے تیاری شروع کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔انہوںنے اعلیٰ تعلیمی محکمہ کے نظریے اور اس میں رونما ہو رہی مثبت تبدیلی کو اجاگر کرنے کی اہمیت کو بھی واضع کر دیا۔ انہوںنے کہاکہ محکمہ کے اس طرح کے اقدامات سے ریاست میں اعلیٰ تعلیم کے شعبے کو عالمی سطح کے معیار تک لانے میں کافی مدد ملے گی۔

مزید دیکهے

متعلقہ خبریں