حکومت ہند نے کشمیریوں کے آئینی اور جمہوری حقوق پر شب خون مارا ہے: فاروق عبداللہ

سرینگر//﴿ آفتاب ویب ڈیسک ﴾ نیشنل کانفرنس کے صدر اور ممبر پارلیمنٹ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا ہے کہ حکومت ہند نے کشمیریوں کے ساتھ ’’دھوکہ ‘‘کیا ہے اور ’’آئینی و جمہوری حقوق پر شب خون مارا ہے۔‘‘نیشنل کانفرنس کے ترجمان کی جانب سے جاری کئے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ فاروق عبداللہ نے آج یوتھ نیشنل کانفرنس، ضلع صدور اور اقلیتی سیل کے خالصہ عہدیداران کے الگ الگ اجلاسوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’ اندرونی خودمختاری ہمارا حق ہے، نئی دلی کو بغیر دیر کئے اسے بحال کرنا چاہئے، امن کی بحالی کا یہی ایک واحد راستہ ہے۔‘‘ انہوں نے مرکزی سرکار سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا ہے ،’’آپ کو الحاق کا معاہدہ یاد نہیں ہے اور آپ پاکستانی زیر انتظام کشمیر پر اپنا دعویٰ کررہے ہیں، اگر واقعی کشمیرکا وہ حصہ آپ کا ہے تو آپ کو جموں وکشمیر اور یونین آف انڈیا کے درمیان ہوئے الحاق کی اصل ہیت کے بارے میں بھی بات کرنی چاہئے، آپ اُن شرائط کو کیوں بھول جاتے ہیں جس کے تحت ہماری ریاست نے آپ کے ساتھ الحاق کیا تھا؟‘‘۔ بیان کے مطابق فاروق عبداللہ نے عوام کو خبردار کیا کہ وہ پی ڈی پی اور بھاجپا کی ریاست دشمن پالیسیوں کو سمجھ کر ان دونوں جماعتوں کیخلاف صف آرائ ہوجائیں اور دشمنوں کی تمام چالوں اور سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے ہمیشہ تیار رہیں۔

مزید دیکهے

متعلقہ خبریں