حق خان نے e-FMS اور ایم جی نریگا کی شروعات کی

جموں/دیہی ترقی اور پنچائتی راج کے وزیر عبدالحق نے محکمہ دیہی ترقی کے کام کاج میں شفافیت لانے اور ایم جی نریگا کے تحت وقت پر مستحقین کی ادائیگی کو یقینی بنانے کیلئے الیکٹرانک فنڈ منیجمنٹ نظام کی شروعات کی ۔ اس موقعے پر وزیر نے ایکٹ کے تحت 10 ہزار مستحقین میں 1.5 کروڑ روپے آن لائین تقسیم کئے ۔ وزیر موصوف نے e-FMS کو ایک انقلابی قدم قرار دیا اور کہا کہ اس قدم سے مستحقین کے ساتھ ساتھ محکمے کو بھی رقومات تفویض کرنے میں آسانی ہو گی اور رقومات بھی وقت پر واگذار کرنے میں مدد ملے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ایم جی نریگا کے مقاصد پورے ہو رہے ہیں کیونکہ مستحقین کو 15 دنوں کے اندر اندر رقومات دستیاب ہوں گی ۔ حق خان نے کہا کہ اس عمل سے 20 لاکھ نریگا ورکروں کو فائدہ ہو گا اور رقومات واگذار کرانے میں ہو رہی تاخیر کو بھی دور کیا جا سکے گا ۔ وزیر نے کہا کہ یہ اُن کی ذمہ داری ہے کہ مرکزی اور ریاستی سرکاروں کی طرف سے مختلف سکیموں کے تحت دی جا رہی رقومات کو براہ راست مستحقین کے بنک کھاتوں تک پہنچایا جائے ۔ وزیر نے کہا کہ سوچھ بھارت مشن کے تحت اہداف کو حاصل کرنے کے لئے ہر ایک کو فعال اور متحرک رول ادا کرنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی بذاتِ خود اس مہم کی نگرانی کرتے ہیں ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ریاست عنقریب کھلے میں رفع حاجت کرنے کے مسئلے سے پاک ہو جائے گی اور ہماری ریاست اس ضمن میں ایک مثالی ریاست بن جائے گی ۔ اس موقعہ پر کافی تعداد میں منریگا ورکر بھی موجود تھے ۔

مزید دیکهے

متعلقہ خبریں