جموں کشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ: نائب صدر ہند

سرینگر//﴿آفتاب ویب ڈیسک ﴾ نائب صدر مملکت ایم ونکیا نائیڈو نے کہا ہے کہ جموں کشمیر کے بارے میں غلط معلومات پھیلائی جارہی ہے جبکہ حقیقت ان کے بقول یہ ہے کہ یہ ریاست بھارت کا ایک اٹوٹ انگ ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک برطانوی وفد کے ساتھ ملاقات میں نائب صدر مملکت نے کہا کہ مسئلہ کشمیر بھارت اور پاکستان کے درمیان ایک دوطرفہ معاملہ ہے ،جسے مذاکرات کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے تاہم اس کے ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ جموں کشمیر بھارت کا ایک اٹوٹ انگ ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق انہوں نے کہاکہ سخت گیری اور دہشت گردی دو ایسے عالمی موضوع ہیں جن سے نپٹنے کے لئے مختلف سطحوں پر ایک موثر حکمت عملی اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔ اس نمائندہ وفد میں برطانوی رکن پارلیمان ڈین کارڈن، محترمہ انا میکورین، محترمہ پریت گل اور محترمہ سارہ چیمپئن شامل ہیں۔ اس موقع پر خارجہ سکریٹری ڈاکٹر ایچ جے شنکر بھی موجود تھے۔انہوں نے کہاکہ اقتصادی شعبہ، کامرس، سائنس، تکنیک، دفا ع، تعلیم، سائبر پالیسی اور دہشت گردی سے نپٹنے اور خفیہ اطلاعات کو شیئر کرنے میں ہندستان اوربرطانیہ کے درمیان دو طرفہ تعاون نئی اونچائیوں تک پہنچ چکا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ کاروبار12.19ارب ڈالر کا ہے جس کے مزید بہتر ہونے کے امکانات ہیں۔

مزید دیکهے

متعلقہ خبریں