انڈر19 ایشیا کپ؛ پاکستان کو پہلے میچ میں افغانستان کے ہاتھوں بدترین شکست رانا کی سنچری سے ہندوستان نے ملیشیا کو ہرایا

کوالالمپور/ اے سی سی انڈر 19 ایشیا کپ کے پہلے ہی میچ میں پاکستان ٹیم کو افغانستان کے ہاتھوں بد ترین شکست کا سامنا کرنا پڑا۔کوالالمپورمیں کھیلے گئے میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، گرین شرٹس 20 اوورز میں تمام وکٹوں کے نقصان پر صرف 57 رنز بنا پائے، پہلی دو وکٹیں بغیر کوئی رن اسکور کیے گریں جبکہ تیسرا بیٹسمین مجموعے میں ایک رن جوڑ کر پویلین لوٹا، محمد طلحہ 14، محمد محسن خان اور حسان خان 12,12 رنز بنا سکے، ان کے علاوہ کوئی بیٹسمین ڈبل فیگرز میں داخل نہ ہو سکا، 5 بیٹسمین بغیر کوئی رن بنائے آئوٹ ہوئے۔ افغانستان کی جانب سے مجیب نے 23 رنز کے عوض 6 شکار کیے، یوسف زازائی نے 13 جبکہ کپتان نوید الحق نے 21 رنز کے عوض 2,2 وکٹیں اڑائیں۔افغانستان نے9.1 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 58 رنز کا ہدف عبور کر لیا، ناصر وحدت 25 رنز پر ناقابل شکست رہے، رحمان اللہ گرباز نے 13 رنز بنائے۔ شاہین آفریدی، حسان خان اور محمد حماد خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ دوسرے میچ میں سری لنکا نے یو اے ای کو 7 وکٹ سے مات دیدی۔ادھرکپتان اور سلامی بلے باز ہمانشو رانا 107کی شاندار سنچری سے ہندوستان نے ملیشیا کو انڈر۔19 ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے گروپ اے مقابلے میںکل202 رن کے بڑے فرق سے ہرایا۔ہندوستان نے مقررہ50 اوور میں سات وکٹ پر 310 رن بنائے ۔ رانا نے 130 گیندوں پر 107 رن کی بہترین سنچری اننگز کھیلی۔ سلمان خان نے71 گیندوں پر چھ چوکوں کی مدد سے 67ن بنائے ۔ منوج کالڑا نے35، ریان پراگ نے25 اور درشن نلکانڈے نے25 رن کا تعاون دیا ۔اس کے جواب میں ملیشیا کی ٹیم37.1اوور میں108 پر سمٹ گئی۔ کپتان ورین دیپ نے سب سے زیادہ 52 رن بنائے ۔ درشن نے 43 رن پر تین وکٹ، وویکانند تیواری نے16 رن پر دو وکٹ اور شیواسنگھ نے16 رن پر دو وکٹ لیے ۔

مزید دیکهے

متعلقہ خبریں