کھیل سرگرمیاں نوجوانوں کی صلاحیتوں کو ایک سمت دیتے ہیں:لال سنگھ- ڈی پی ایس راجباغ میں 6روزہ فٹ بال ہنٹ ٹورنامنٹ اختتام پذیر

جموں/ جنگلات و ماحولیات کے وزیر چودھری لال سنگھ نے کہا ہے کہ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو ایک نئی سمت دینے میں کھیل سرگرمیاں کلیدی اہمیت کی حامل ہے اور یہ کہ حکومت ریاست کے کونے کونے میں کھیل سرگرمیوں کو بڑھاوا دینے کے لئے ہرممکن کوششیں کر رہی ہے۔وزیر موصوف ایس ایس بی جموںکی طرف سے دلی پبلک سکو ل راج باغ کٹھوعہ میں منعقد کئے گئے اڑان سی اے پی ایف فٹ بال ہنٹ ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوے چودھری لا ل سنگھ نے کہا کہ نوجوانوں میں نظم و ضبط قائم کرنے اور ان کی شخصیت میں نکھار لانے کے لئے کھیل کود میں حصہ لینا نہایت ہی لازمی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ریاست میں ضلع اور بلاک سطحوں پر سپورٹس سٹیڈیم تعمیر کئے جارہے ہیں تاکہ نوجوانوں کو کھیلنے کودنے کی سہولیات دستیاب ہوسکیں۔وزیر نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ آگے آکر مختلف کھیل مقابلوں میں شرکت کریں۔انہوںنے والدین سے کہا کہ وہ اپنے بچوں میں کھیل کلچر کو بڑھاوا دیں تاکہ وہ تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیل مقابلوں میں بھی بہترین کارکردگی کا مظاہر ہ کرسکیں۔لال سنگھ نے فائنل میچ جیتنے کے لئے ڈی پی ایس راجباغ ٹیم کو مبارک باد دی ۔ اس موقعہ پر کمانڈنٹ ایس ایس بی 66 بٹالین نے جیتنے والی ٹیم کو 20,000روپے اور رنر اَپ ٹیم کو 15000روپے دینے کا اعلان کیا۔ بعد میں وزیر نے کھلاڑیوں میں تمغے اور انعامات تقسیم کئے۔

مزید دیکهے

متعلقہ خبریں