ڈرائیونگ کے بعد سعودی خواتین کو سٹیڈیم جانے کی اجازت

ریاض/ سعودی حکام نے خواتین کو سٹیڈیم جا کر میچ دیکھنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے اور خواتین اپنے اہلخانہ کے ساتھ آئندہ سال سے سٹیڈیم میں میچ دیکھ سکیں گی۔ ملک کے تین بڑے شہروں ریاض، جدہ اور دمام میں اہل خانہ کو سٹیڈیم میں داخلے کی اجازت ہوگی۔ خیال رہے کہ سعودی عرب میں خواتین کے لیے قوانین میں نرمی آئی ہے اور حال ہی میں خواتین کو گاڑی چلانے کی اجازت دی گئی ہے۔ مبصرین کے خیال میں خواتین کو سٹیڈیم میں داخلے کی اجازت ملنا، اْن کو آزادی دینے کی جانب دوسری اہم پیش رفت ہے۔ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سعودی ملک کو جدید بنانے اور معیشت کو مضبوط کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ سعودی عرب میں کھیلوں کے مقابلے منعقد کرنے والے ادارے کا کہنا ہے کہ تین سٹیڈیم میں تیاریاں کی جائیں گی تاکہ وہ 2018 کی ابتدا سے اہل خانہ کے لیے تیار ہوں۔ ان تبدیلیوں کے تحت سٹیڈیم میں ریستوران، کیفے اور مانیٹر سکرین لگائی جائیں گی۔ سعودی عرب میں ہونے والی یہ اصلاحات شہزادہ محمد بن سلمان کے اقتصادی تبدیلیوں کے وڑن 2030 کے تحت کی جا رہی ہیں۔ گذشتہ ماہ سعودی عرب کے بادشاہ شاہ سلمان نے شاہی فرمان جاری کرتے ہوئے خواتین کو ملک میں پہلی بار گاڑی چلانے کی اجازت دی۔ ملک میں کنسرٹ پھر سے منعقد ہونے لگے ہیں اور امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ سینیما میں فلم دکھانے کی اجازت بھی مل جائے گی۔

مزید دیکهے

متعلقہ خبریں