پانپورحلقے کو جدید خطوط پر ترقی دی جائے گی:میر ظہور

سرینگر/موجودہ دور کو ریاست جموں وکشمیر کے لئے ترقی اور خوشحالی کا سنہرا دور قرار دیتے ہوئے جنگلات و ماحولیا ت کے وزیر مملکت میر ظہور احمد نے کہا ہے کہ پانپور حلقے کو ماڈل حلقے کے طور ترقی دی جارہی ہے۔اس بات کا اظہار زیر موصوف نے یہاں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی عوام خصوصاً سماج کے کمزور طبقے سے تعلق رکھنے والے افراد کی اقتصادی و سماجی ترقی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے ۔وزیر نے کہا کہ عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنا ہر حکومت کی ذمہ داری بنتی ہے اور موجودہ حکومت ریاست کے تینوں خطوں کی یکساں اور جامع ترقی کے لئے تمام کوششیں بروئے لارہی ہے ۔پانپور حلقے کے ترقیاتی منظرنامے کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر نے کہا کہ گزشتہ اڑھائی برسوں کے دوران ترقیاتی عمل پر توجہ مرکوز کی گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ مختلف سیکٹروں کے تحت عملائے جانے والے پروجیکٹوں پر کروڑوں روپے کی رقم خرچ کی جاچکی ہے۔وزیر نے کہا کہ اس حلقے میں تمام چھوٹی بڑی سڑکوں کی تعمیر و تجدید اور ان پر میکڈم بچھانے کے علاوہ یہاں ایک نرسنگ کالج بھی کھولا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ لوگوں کو صاف پینے کا پانی فراہم کرنے کے لئے مختلف واٹر سپلائی سکیموں پر کام جاری ہے۔وزیر نے کہا کہ پانپور میں زعفران کی فصل میں اضافہ کرنے اور اس سے جڑی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ اس حلقے کو ایک ماڈل حلقے کے طور ترقی دی جارہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ا س سلسلے میں ضلع انتظامیہ کو ضروری ہدایات دی گئی ہیں۔اس موقعہ پر حلقے کی معزز شخصیات نے بھی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے حلقے کی ترقی کے لئے سابق وزیر اعلیٰ مرحوم مفتی محمد سعید کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کی سراہنا کی۔ ان مقامی لیڈروں نے پانپور حلقے کی ترقی کے لئے میر ظہور احمد کے رول کی بھی ستائش کی۔

مزید دیکهے

متعلقہ خبریں