حیدرآباد نمائش کے متاثرہ تاجر ڈاکٹر فاروق سے ملاقی  تلنگانہ وزیر اعلیٰ کیساتھ معاملہ اُٹھایا

سرینگر//حیدرآباد نمائش میں آگ کی ہولناک واردات کے متاثرہ تاجروں کا ایک وفد صدرِ نیشنل کانفرنس ڈاکٹر فاروق عبداللہ کیساتھ پارٹی ہیڈکوارٹر نوائے صبح کمپلیکس پر ملاقی ہوا۔وفد نے بتایا کہ آگ کی واردات میں متاثرہ تاجر اپنا سب کچھ کھو بیٹھے ہیں اور آج تک نہیں کسی بھی طرف سے مدد و امداد فراہم نہیں کی گئی۔ وفد نے کہا کہ 160خاکستر سٹالوں میں سے 60کشمیری تاجروں کے تھے اور آگ کی واردات کے بعد وہاں کے وزیر نے بھر پور امداد کی یقین دہانی کرائی تھی لیکن تاحال ہمیں کچھ نہیں ملا۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے موقعے پر ہی تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ اور وزیر داخلہ کیساتھ ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور آتشزدگان کی بھر پور امداد کی اپیل کی۔ دونوں نے ڈاکٹر فاروق عبداللہ کو متاثرین کی مدد کی یقین دہانی کرائی۔ یاد رہے کہ اس سے قبل نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے تلنگانہ راشٹریہ سمیتی کے کارگذار صدر کے ٹی راماراؤ کیساتھ رابطہ کرکے متاثرہ کشمیری تاجروں کی بھر پور مالی امداد اور بازآبادکاری کی اپیل کی تھی اور مسٹر راماراؤ نے عمر عبداللہ کو یقین دلایا کہ وہ متاثرہ تاجروں کی بازآبادکاری کیلئے ہر ممکن کوشش کریں گے۔

مزید دیکهے

متعلقہ خبریں