وادی میں سردی کا راج برقرار،برفباری اور بارشوں کی پیش گوئی، بانڈی پورہ ۔گریز رابط سڑک بحال ،سرینگر ۔جموں پر بھی یکطرف ٹریفک جاری

سرینگر/کے این این /کشمیر وادی میں 40روزہ چلہ کلان کی مدت جاری رہنے کے بیچ محکمہ موسمیات نے تازہ بارش وبرفباری کی پیش گوئی کی ہے ۔محکمہ موسمیات کے ترجمان نے کہا کہ مغربی ہوائیں ریاست میں داخل ہوچکی ہے اور جمعرات کی شام سے ہی بارش وبرفباری کا سلسلہ شروع ہونا متوقع ہے ۔چلہ کلان میں بارش وبرفباری کا یہ دوسرا مرحلہ ہو گا ،پہلا مرحلے پر 4 سے لیکر 6جنوری تک پیر پنچال کے آر پار درمیانہ درجہ سے لیکر بھاری برفباری ہوئی تھی ،جسکی وجہ سے وادی میں زمینی اور ہوائی رابط بری طرح سے متاثر ہوا تھا ۔ادھر محکمہ موسمیات نے بتایا کہ وادی کشمیر اور خطہ لداخ میں شبانہ درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے ہی درج کیا گیا ۔محکمہ موسمیات کے ترجمان نے بتایا کہ گرمائی دارلحکومت سرینگر کا کم سے کم درجہ حرارت منفی3ڈگری سیلشیس ریکارڈ کیا گیا ہے۔اس دوران بانڈی پورہ ۔گریز رابط سڑک کو ایک ہفتہ بعد بحال کردیا گیا ۔انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بانڈی پورہ ۔گریز روڑ جمعرات کوٹریفک کی آوا جاہی کیلئے کھول دیا گیا ،یہ رابط سڑک ایک ہفتہ قبل برفباری کے سبب بند ہوگیا تھا ۔دریں اثنائ سرینگر ۔جموں شاہراہ پر یکطرفہ ٹریفک جاری رہا ۔

مزید دیکهے

متعلقہ خبریں