یٰسین ملک کا نواز شریف کے ساتھ ٹیلی فونک رابطہ محترمہ کلثوم نواز کی وفات پر رنج وغم کااظہار کیا

سرینگر /لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے پاکستان کی سابقہ خاتون اوّل محترمہ کلثوم نواز کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔یاسین صاحب کی بیگم صاحبہ محترمہ مشعال ملک، ان کی صاحب زادی بے بی رضیہ سلطانہ اور خوشدامن محترمہ ریحانہ ملک صاحبہ لاہور پہنچیں جہاں انہوں نے مرحومہ کے لواحقین کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ۔ وہ سابق وزیر اعظم پاکستان محترم نواز شریف اور دوسرے اہل خانہ سے بھی ملاقی ہوئے اور ان تک یاسین صاحب کا پیغام ِ تعزیت پہنچایا۔ اس موقع پر یاسین صاحب نے بھی ٹیلی فون پر محترم نواز شریف کے ساتھ بات کی اور ان کی شریک حیات کی وفات پر ان کے ساتھ دلی اظہار تعزیت کیا۔ اس موقع پر یاسین صاحب نے مرحومہ کلثوم نواز کو ایک آ ہنی شخصیت کی حامل خاتون قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی حلیمانہ روش، بہادری،پروقار شخصیت اور پر عزم سیاسی کاوشیں اُن ہی کا خاصہ تھے اور اُن کی ان جملہ صلاحیتوں کا لوہا ہر ایک تسلیم کرتا ہے۔درایں اثنائ لبریشن فرنٹ نے بٹہ مالو کی ایک سماجی شخصیت محمد یوسف بزاز کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ فرنٹ کے نائب چیئرمین شوکت احمد بخشی اور مشتاق اجمل نے مرحوم کی نماز جنازہ میں شرکت کی اور مرحوم کے غم زدہ لواحقین کے ساتھ تعزیت پرسی کی۔

مزید دیکهے

متعلقہ خبریں