ڈربن کے ریکارڈ پر نہیں سریز جیتنے پر نظر:روہت شرما

ڈربن/ ہندوستان کے ایک روزہ نائب کپتان اور ٹاپ بلے باز روہت شرما نے منگل کو کہا کہ ٹیم انڈیا کی نظر ڈربن میں میزبان کے خلاف ٹیم انڈیا کے خراب ریکارڈ پر نہیں بلکہ آج یکم فروری سے شروع ہو رہی چھ میچوں کی ون ڈے سریز جیتنے پر ہے ۔ون ڈے کرکٹ میں تین ڈبل سنچریوں کا عالمی ریکارڈ اپنے نام رکھنے والے روہت نے یہاں پریس کانفرنس میں کہا کہ ہم سریز جیتنے کیلئے پوری طرح تیار ہیں۔ہم کافی عرصے بعد چھ میچوں کی سیریز کھیل رہے ہیں۔ہم ایک بار میں ایک میچ کو لے کر ہی آگے بڑھیں گے اور ایک ساتھ مکمل سیریز کے بارے میں نہیں سوچیں گے ۔ہندوستان نے آخری بار چھ میچوں سے زیادہ کی سیریز 2013۔14 میں کھیلی تھی اور اپنی زمین پر آسٹریلیا کیخلاف سات میچوں کی سیریز 3۔2 سے جیتی تھی۔کسی طرح کے دباؤ کے بارے میں پوچھے جانے پر روہت نے کہا کہ ایک ٹیم کے طور پر ہم نے دباؤ برداشت کرنا سیکھ لیا ہے اور اب یہ کھلاڑیوں پر منحصر ہے کہ وہ ذاتی طور پر کیسا مظاہرہ کرتے ہیں ۔ ہر کھلاڑی کی اپنی ذمہ داری ہے اور اسے اپنی کردار کی ادائیگی کرنی ہے ۔ڈربن میں جنوبی افریقہ کے خلاف اب تک کوئی ون ڈے نہیں جیتے جانے کے ریکارڈ کے بارے میں پوچھے جانے پر روہت نے کہا کہ مجھے یاد نہیں کہ اس میدان پر ہندستان نے اپنا پہلا میچ کب کھیلا تھا۔لیکن گزشتہ کئی دہائیوں میں نسلیں بدل چکی ہیں اور کھلاڑی بھی بدل چکے ہیں۔روہت نے ساتھ ہی کہا کہ ہم یہاں آخری بار اور اس سے پہلے بھی میچ ہار چکے ہیں لیکن اس بار ہمارے پاس موقع ہے اور مجھے لگتا ہے کہ ہم جیت سکتے ہیں کیونکہ یہ ٹیم مختلف ہے اور مسلسل جیت رہی ہے ۔اس سیریز کیلئے 2019 کے عالمی کپ سے جوڑے جانے کو لے کر روہت نے کہا کہ کہیں عالمی کپ ہمارے دماغ میں رہے گا کیونکہ اگلا عالمی کپ غیر ملکی حالات میں کھیلا جائے گا۔ لیکن اب عالمی کپ کافی دور ہے اور ہم اس کے بارے میں زیادہ نہیں سوچیں گے ۔
روہت نے کہا کہ چمپئنز ٹرافی کے بعد سے میں بھی مسلسل اچھا کھیلا ہوں اور ہماری ٹیم بھی مسلسل اچھا کھیلی ہے ۔ہمیں ایک بار پھر غیر ملکی حالات میں مظاہرہ کرنا ہے کہ ہم اچھا کرنے کا دم خم رکھتے ہیں۔گیند بازوں نے ٹیسٹ سیریز میں بہترین کھیل کا مظاہرہ کیاتھا اور اب بلے بازوں کو بھی ایک یونٹ کے طور پر کھیلنا ہے ۔

مزید دیکهے

متعلقہ خبریں